پہلے تو سولر انرجی پر چلنے والی گاڑیاں سائنس فکشن تک محدود تھیں مگر مختلف کمپنیوں نے اب اسے ممکن بنا دیا ہے۔
ویسے اگر آپ کو لگتا ہے کہ ان گاڑیوں کو بجلی سے چارج کرنے کی ضرورت نہیں تو پہلے تو ایسا ممکن نہیں تھا مگر اب اس حوالے سے ایک کمپنی نے بڑی پیشرفت کی ہے۔
ایپٹیرا نامی کمپنی کی سولر ٹیکنالوجی پر کام کرنے والی گاڑی کو کافی حد تک بجلی سے چارج کرنے کی ضرورت نہیں۔
سولر ای وی نامی گاڑی کی تیاری کا بنیادی مقصد ہی شمسی توانائی سے لیس گاڑیوں کے لیے بجلی سے چارجنگ کی ضرورت ختم کرنا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ روزانہ یہ گاڑی سورج کی روشنی سے اتنی توانائی اکٹھی کرلیتی ہے کہ 40 میل تک آسانی سے سفر کر سکتی ہے۔
بس آپ اس کو کہیں بھی لے کر نکل جائے اور پیٹرول یا بجلی کی فکر مت کریں۔
ویسے یہ گاڑی دیکھنے میں اسپیس شپ کی طرح ہے مگر یہ اڑنے کی بجائے سڑک پر دوڑتی ہے۔
3 پہیوں کی اس گاڑی میں یہ خیال رکھا گیا ہے کہ اس کا وزن کم از کم ہو، یہی وجہ ہے کہ اس کے ڈیزائن میں اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ ہوا کی رگڑ 70 فیصد تک کم ہو جائے۔
اس کی سطح پر لگ بھگ ہر جگہ سولر پینل نظر آتے ہیں جو مجموعی طور پر 700 واٹس توانائی سورج کی روشنی سے اکٹھی کرتے ہیں۔
اس سے ہٹ کر گاڑی میں ایک 45 کلو واٹ بیٹری بھی موجود ہے جو بجلی سے چارج کرنے پر سواری کو چلنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس چھوٹی بیٹری کو آرام سے گھر کے کسی بھی پوائنٹ سے چارج کیا جاسکتا ہے اور فل چارج ہونے پر 400 میل تک سفر کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
یہ گاڑی 6 سیکنڈ کے اندر صفر سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار پکڑ لیتی ہے۔
ابھی یہ گاڑی باضابطہ طور پر فروخت کے لیے پیش نہیں کی گئی بلکہ پری آرڈرز میں دستیاب ہے اور اس کی قیمت 40 ہزار ڈالرز رکھی گئی ہے۔
کمپنی کو توقع ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث لوگ اس منفرد گاڑی میں زیادہ دلچسپی لیں گے۔