برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کینسر کو شکست دینے کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
یہ انکشاف انہوں نے لندن کے اس اسپتال کا دورہ کرنے کے بعد کیا جہاں انہوں نے گزشتہ سال اپنا علاج کرایا تھا۔
پرنسز آف ویلز نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ کینسر کی علامات غائب ہوچکی ہیں اور انہوں نے اپنی پوری توجہ ریکوری پر مرکوز کی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ یہ اب تک معلوم نہیں کہ انہیں کینسر کی کس قسم کا سامنا ہوا۔
43 سالہ پرنسز آف ویلز نے کہا کہ ‘ہر وہ فرد جسے کینسر کی تشخیص کا تجربہ ہوچکا ہو، یہ جانتا ہے کہ اسے نئے معمولات کے مطابق خود کو ایڈجسٹ کرنا ہوتا ہے، مگر میں اب ایک بامقصد سال میں آگے بڑھنے کی منتظر ہوں، آپ سب کی سپورٹ کا شکریہ’۔
اس پوسٹ سے قبل انہوں نے لندن کے اسپتال میں غیراعلانیہ دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے طبی ٹیموں سے ملاقات کی جبکہ زیرعلاج مریضوں سے بھی گفتگو کی۔
خیال رہے کہ مارچ 2024 میں کیٹ مڈلٹن نے کینسر کی تشخیص کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ان کا کئی ماہ تک لندن کے اسپتال میں ان کی کیمو تھراپی ہوئی۔
جنوری 2024 میں ان کے پیٹ کی سرجری ہوئی تھی جس کے دوران کینسر کی تشخیص ہوئی مگر عوام کو اس بارے میں مارچ میں بتایا گیا۔
ستمبر 2024 میں ان کی کیمو تھراپی مکمل ہوئی تھی اور اس موقع پر انہوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ کہ ‘کینسر سے مکمل صحت یابی کا راستہ طویل ہوگا، بتا نہیں سکتی کہ آخرکار کیموتھراپی کا علاج مکمل کرنے سےکتنی راحت ملی ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 9 ماہ ہمارے خاندان کے لیے ناقابل یقین حد تک سخت رہے ہیں۔
کنگسٹن پیلس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پرنسز آف ویلز کے اسپتال کے دورے کا مقصد وہاں کی زبردست ٹیم سے شکر گزاری کا اظہار کرنا تھا۔