اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کو فروغ دینے کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 45 فیصد کمی کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں حکام پاور ڈویژن اور وفاقی وزیر برائے توانائی کی جانب سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی ضروری ہے اور اس کے لیے چارجنگ اسٹیشن کے لیے بجلی کا نرخ 70 روپے یونٹ سے کم کر کے 40 روپے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے کے لیے اس طرح کی مراعات دی جارہی ہیں۔
وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے اجلاس میں بتایا کہ چارجنگ اسٹیشنز کے لیے 39 روپے 70 پیسے کا ٹیرف نیپرا کی منظوری کے بعد لاگو ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کا طریقہ کار آسان کردیا ہے اور اب 15دن میں این او سی ملے گی، نوجوان چھوٹی سرمایہ کاری کے ذریعے اپنا کام شروع کر سکیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت انسانی اسمگلنگ کے خاتمے سےمتعلق اجلاس بھی ہوا جس میں بتایا گیا کہ جون 2023 تا دسمبر 2024 تک انسانی اسمگلنگ کے واقعات میں متعدد انسانی اسمگلر گرفتار ہو چکے اور متعدد سہولت کار سرکاری اہلکار برطرف کیے جا چکے جبکہ کئی تادیبی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف تعزیری اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ اسمگلروں کے 500 ملین روپے سے زائد کے اثاثے ضبط ہو چکے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ایف آئی اے میں افرادی قوت کی کمی فوری طور پر پورا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے تمام ادارے فعال کردار ادا کریں اور انسانی اسمگلنگ کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کےخلاف انتہائی سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہوائی اڈوں پر بیرون ملک سفر کرنے والوں کی اسکریننگ کا معیاری نظام قائم کیا جائے، غیر قانونی بیرون ملک سفر اور انسانی اسمگلنگ کے بارے میں آگاہی مہم چلائی جائے اور انسانی اسمگلنگ کے انتہائی مطلوب اسمگلروں کی حوالگی کے لیے انٹرپول سےرابطہ کی کیا جائے۔