چیٹ جی پی ٹی میں ٹاسکس نامی کارآمد فیچر کا اضافہ

چیٹ جی پی ٹی آپ کے پسندیدہ ڈیجیٹل اسسٹنٹ کا متبادل بننے کے لیے تیار ہے۔

اوپن اے آئی کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی کا ایک نیا فیچر ٹاسکس بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔

اس فیچر سے صارفین اس آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ کو کوئی کام ایک بار یا بار بار مستقبل میں مقررہ وقت پر کرنے کی ہدایت کر سکتے ہیں۔

اب تک چیٹ جی پی ٹی میں کئی ایسے فیچرز موجود نہیں جو اسے بہت زیادہ کارآمد ڈیجیٹل اسسٹنٹ بناسکیں۔

یہی وجہ ہے کہ ٹاسکس فیچر کو چیٹ جی پی ٹی کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ یہ گوگل اسسٹنٹ اور Siri جیسے اسسٹنٹس کو واضح ٹکر دے سکے۔

کمپنی کی جانب سے ایک ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں فیچر کو متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ آپ اب مستقبل کے کام چیٹ جی پی ٹی کے لیے شیڈول کرسکتے ہیں۔

کمپنی نے کہا کہ یہ ایک بار کی یاد دہانی ہو یا بار بار وہ کام کرنا ہو، چیٹ جی پی ٹی کو بتائیں کہ آپ کس وقت کیا چاہتے ہیں اور وہ خودکار طور پر اس کا خیال رکھے گا۔

آپ کے سیٹ کیے گئے ریمائنڈرز چیٹ جی پی ٹی کے ویب ورژن میں پروفائل مینیو میں ٹاسکس پیج پر موجود ہوں گے۔

آپ انہیں وہاں دیکھ کر تبدیل یا ڈیلیٹ بھی کرسکتے ہیں۔

ایک وقت میں 10 ٹاسکس شیڈول کرنے کی اجازت ہوگی۔

کمپنی نے بتایا کہ اس فیچر کو آپ ہر صبح موسم کا حال جاننے، حصص کی قیمتوں کو دیکھنے یا کسی غیر ملکی زبان کا ایک نیا لفظ سیکھنے کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

دن بھر کی اے آئی نیوز کی سمری بھی اس کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہے۔

ابتدائی طور پر یہ فیچر چیٹ جی پی ٹی کے ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

مگر کمپنی نے وعدہ کیا کہ مستقبل قریب میں یہ فیچر چیٹ جی پی ٹی کو مفت استعمال کرنے والے صارفین کو بھی دستیاب ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں