حکومت سندھ نے گراؤنڈ کی گئی گاڑیاں ایک ماہ میں نیلام کرنے جبکہ کراچی کے سرکاری ملازمین کیلئے ای وی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کی زیر صدارت سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء سعید غنی، ضیا الحسن لنجار، علی حسن زرداری اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز شریک ہوئے۔
اجلاس میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے سرکاری گاڑیوں سے متعلق 10 سال کا ریکارڈ پیش کیا۔
اس موقع پر شرجیل میمن کا کہنا تھا گاڑیوں کی نیلامی کا عمل ایک ماہ میں مکمل ہونا چاہیے تاکہ وسائل مزید ضائع نہ ہوں، ای وی گاڑیاں خریدنے سے حکومت کو فائدہ ہو گا، پیٹرولیم مصنوعات کی بچت ہو گی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا حکومت عوامی وسائل کے استعمال میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، سرکاری گاڑیوں کا غیر مجاز استعمال کرنے والے حکومتی احکامات کے تحت گاڑیاں واپس کریں۔
ان کا کہنا تھا گراؤنڈ کی گئی گاڑیوں کی نیلامی پر بھی کام جاری ہے، نیلامی پوری شفافیت کے ساتھ کی جائے گی، تمام متعلقہ عہدیدار اور محکمے قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے نئی ہدایات پر عمل کریں، گراؤنڈ کی گئی گاڑیوں کی بروقت نیلامی بہت اہم ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا غیر ضروری اخراجات میں کمی لائی جا سکے گی، جن محکموں کے پاس اضافی گاڑیاں ہیں وہ اپنی ضرورت سے زیادہ گاڑیاں حکومت کو واپس کر دیں۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار کا کہنا تھا گراؤنڈ کی گئی گاڑیوں کی نشاندہی اور حکومتی پالیسیوں کی تعمیل کو یقینی بنانےکیلئے تیزی سےکام کیا جا رہا ہے، ہمارا مقصد عوام کا پیسہ بچانا اور ضروریات کے مطابق اخراجات کو یقینی بنانا ہے۔