سیف پر حملے کے ملزم کی گرفتاری کی تردید، حملہ آور نے پولیس کو کیسے چکمہ دیا؟

بھارتی پولیس نے بالی وڈ اداکار سیف علی خان پر حملے کے ملزم کی گرفتاری کی میڈیا رپورٹس کو مسترد کردیا۔

2 روز قبل بھارتی میڈیا پر خبریں سامنے آئی تھیں کہ ممبئی پولیس نے سیف علی خان پر حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

بعد ازاں گرفتار ملزم کے حوالے سے خبر دی گئی کہ حملہ آور نے سیف پر حملے سے قبل ممبئی میں شاہ رخ خان کے گھر منت کی بھی 14 جنوری کو ریکی کی تھی لیکن وہ سخت سکیورٹی کے باعث گھر میں داخل ہونے میں ناکام ہوگیا تھا۔

حملہ آور نے شاہ رخ خان کے گھر میں داخلے میں ناکامی پر سیف علی خان کو ٹارگٹ کیا اور ان کے باندرا والے گھر کی ریکی کی۔

تاہم اب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے واقعے سے متعلق کسی بھی ملزم کی گرفتاری کی تردید کردی ہے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور نے پولیس سے بچنے کے لیے لباس تبدیل کر لیا تھا تاہم پولیس کو مشتبہ ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج ملی ہے جس کے تحت اس کی تلاش جاری ہے۔

حملہ آور گھر میں کیوں داخل ہوا تھا؟
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کرنے والا شخص چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہوا تھا۔

اس حوالے ریاست مہاراشٹر اکے وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ ممبئی پولیس کو حملے کے سلسلے میں کچھ سراغ ملے ہیں جن پر کارروائی جاری ہے، جلد بریک تھرو ملنے کی امید ہے۔

سیف علی خان پر حملے کا پس منظر
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے کے قریب سیف کے ممبئی کے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنایا۔

مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے انہیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جب کہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔

سیف اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں اور گزشتہ روز آپریشن کرکے ان کی ریڑھ کی ہڈی سے چاقو کا 2.5 انچ کا ٹکڑا نکالا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں