روسی ہیکرز دنیا بھر کے حکومتی وزرا اور عہدیداروں کو ای میلز کے ذریعے ٹارگٹ کرنے لگے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی ہیکرز کی جانب سے عالمی سطح پر وزرا اوراہم عہدیداران کو ای میلز بھیجی جارہی ہیں جس میں ان شخصیات کو واٹس ایپ کے یوزر گروپس میں شامل ہونے کی دعوت دی جاتی ہے۔
برطانیہ کے نیشنل سائبر سکیورٹی سینٹر (NCSC) کے مطابق ’روسی ہیکرز کا یہ عمل برطانیہ اور اس کے ہم خیال ممالک کے درمیان اعتماد کو کمزور کرنے کی کوشش ہے‘۔
عالمی سطح پر وزرا اور حکومتی عہدیداران کو نشانہ کیسے بنایا جارہا ہے؟
نئے سائبر کرائم کے حوالے سے مائیکروسافٹ کے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’ہیکرز خود کو یو ایس گورنمنٹ عہدیدار بتاتے ہوئے وزرا کو ای میل بھیجتے ہیں جس میں انہیں ایک کیو آرکوڈ کلک کرنے کا کہا جاتا ہے اور یہ کلک وزرا کو واٹس ایپ گروپ تک رسائی دینے کے بجائے، ان کے اکاؤنٹ کو لنک کردہ ڈیوائس یا واٹس ایپ ویب پورٹل سے منسلک کردیتا ہے جس کے بعد ہیکرز باآسانی وزرا کے واٹس ایپ اکاؤنٹ حتیٰ کہ ان کے ڈیٹا تک بھی رسائی حاصل کرلیتے ہیں‘۔
بلاگ پوسٹ میں مائیکروسافٹ نے ای میل رکھنے والے حضرات کو اپنی ای میلز اور خاص طور پر بیرونی لنکس پر مشتمل میسیجز کھولتے وقت محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
بلاگ پوسٹ کے مطابق ای میلز صارفین صرف ان لوگوں سے رابطہ کریں جو کسی معروف یا پھر استعمال شدہ ای میل ایڈریس کا استعمال کرتے ہوئے آپ کو ای میلز بھیجیں تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکے کہ بھیجی گئی ای میل کوئی دھوکا نہیں ہے۔
دوسری جانب ترجمان واٹس ایپ کا کہنا تھا کہ اگر آپ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو کسی companion ڈیوائس سے لنک کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو تھرڈ پارٹی ویب سائٹس کے بجائے واٹس ایپ کی officially supported services کا استعمال کرنا چاہیے، یہ لازمی نہیں کہ آپ کا تعلق کس شعبے سے ہے، آپ کو صرف ان لوگوں کے لنکس کھولنے چاہئیں جنہیں آپ جانتے یا ان پر بھروسہ کرتے ہیں۔