امریکا: جنوب مغربی ریاستوں میں برفانی طوفان، الاباما میں 143 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

امریکا کی جنوب مغربی ریاستوں میں برفانی طوفان نے نظام زندگی درہم برہم کردیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق جنوب مشرقی ریاستوں میں برفانی طوفان کی وجہ سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور ریکارڈ توڑ برفباری ہورہی ہے جس کے باعث مختلف واقعات میں 4 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ برفانی طوفان کی وجہ سے ریاستوں میں 3200کے قریب پروازیں منسوخ اور اسکول بند کردیے گئے جب کہ جنوب مشرقی ریاستوں میں 31 ملین افراد کیلئے برفانی طوفان کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ہیوسٹن سے الاباما تک 3 سے 6 انچ تک برفباری ریکارڈ کی جاچکی ہے، نیو اورلنز میں 8 انچ جب کہ فلوریڈا میں برفباری کے ریکارڈ ٹوٹ گئے جہاں5.5 انچ تک برفباری دیکھی گئی۔

ادھر الاباما میں بھی ایک دن میں برفباری کا 143 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جہاں 5 انچ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ لوزیانا، جارجیا، الاباما، فلوریڈا، مسی سپی میں ہنگامی حالت نافذ ہے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں