واشنگٹن: وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور انہیں سرمایہ کاری سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یو ایس چیمبر آف کامرس میں امریکا پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات کی جس میں مائنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری و تعاون بڑھانےپر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیرداخلہ نے کان کنی اور آئی ٹی سیکٹر میں امریکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ یو ایس پاکستان بزنس کونسل پاکستان میں سرمایہ کاری کے بےپناہ مواقعوں سےفائدہ اٹھا سکتی ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے پاکستان میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کے مسائل سنے اور کہا کہ امریکی کمپنیوں سےمتعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، امریکا پاکستان بزنس کونسل کوپاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، پاکستان سرمایہ کاری کےلیے پرکشش مواقع رکھتا ہے، ضروری این او سیز کے اجراء میں بہتری لائی گئی ہے۔
اس کے علاوہ وزیرداخلہ سینیٹر محسن نقوی نے امریکا پاکستان بزنس کونسل کو ترجیحی بنیادوں پر خصوصی سہولتیں دینےکی یقین دہانی بھی کرائی۔