پاکستان کی جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کیساتھ 3 ملکی ون ڈے سیریز کی تفصیلات جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان، جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والی تین ملکی ون ڈے سیریز کی تفصیلات جاری کردیں۔

نئی شکل کے ساتھ قذافی اسٹیڈیم پاکستان نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے میچوں کی میزبانی کرے گا، اپ گریڈ نیشنل بینک اسٹیڈیم پاکستان اور جنوبی افریقا کے میچ کے علاوہ فائنل بھی منعقد کرے گا۔

یہ سیریز سنگل لیگ کی بنیاد پر 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی جس کے ابتدائی دو میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے جبکہ آخری لیگ میچ اور فائنل کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا آغاز ہفتہ 8 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا جو ڈے اینڈ نائٹ ہو گا جبکہ پیر 10 فروری کو نیوزی لینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقا سے ہوگا۔

ان دو میچوں کے بعد ایکشن کراچی منتقل ہو جائے گا جہاں پاکستان 12 فروری کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ڈے نائٹ میچ میں جنوبی افریقا سے مقابلہ کرے گا جو مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے شروع ہوگا، فائنل جمعہ 14 فروری کو کھیلا جائے گا جو ڈے اینڈ نائٹ ہو گا۔

نئے تیار ہونے والے قذافی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی گنجائش بڑھا دی گئی ہے، پورے اسٹیڈیم میں نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں اور نشریاتی معیار کو بڑھانے کے لیے 480 جدید ترین ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جو دنیا بھر کے شائقین کے لیے دیکھنے کے بہترین تجربے کو یقینی بنائیں گی۔ تماشائیوں کے تجربے کو مزید بلند کرنے کے لیے دو بڑی ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز بھی نصب کی گئی ہیں۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے جس میں یونیورسٹی اینڈ پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ایک نیا ہاسپٹلیٹی انکلوژر بھی شامل ہے۔ براڈکاسٹ کوریج کو بہتر بنانے کے لیے 350 ایل ای ڈی لائٹس لگائی گئی ہیں جو عالمی ناظرین کو بہترین منظر پیش کریں گی۔ دو ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز کے علاوہ تماشائیوں کے آرام کو بڑھانے کے لیے 5000 نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں