نواز شریف مذاکرات کی ناکامی کے مشن میں کامیاب ہو گئے: بیرسٹر سیف

پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز مذاکرات کی ناکامی کے مشن میں کامیاب ہوگئے۔

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی پر اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ نواز شریف نے عرفان صدیقی کو مذاکرات کی ناکامی کا ہدف دیا تھا، عرفان صدیقی اور رانا ثناء اللہ کے بیانات سے حکومت کی غیر سنجیدگی واضح تھی۔

مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو سیاسی عدم استحکام میں ہی اپنی بقا نظر آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن نہ بنانے سے واضح ہو گیا کہ چور کی داڑھی میں تنکا ہے، وفاقی حکومت کو خدشہ ہےکہ جوڈیشل کمیشن سے حقیقت سامنے آ جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس طلب کیا تھا ہم پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کی عدم شرکت کے باعث اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ حکومت نے ہمارے مطالبے پر 7 روز میں 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان نہیں کیا اس لیے ہم حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کر رہے ہیں۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا حکومت جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان کرے تو ہم آگے دیکھیں گے اور بانی پی ٹی آئی سے بات کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں