اوپن اے آئی کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کے لیے جانا جاتا ہے۔
مگر بہت جلد یہ کمپنی میٹا کے انسٹا گرام اور ایلون مسک کے ایکس (ٹوئٹر) کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے شعبے میں ٹکر دے گی۔
دی ورج کی ایک رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی کی جانب سے ایکس جیسے سوشل میڈیا نیٹ ورک کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے۔
یہ منصوبہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے مگر کمپنی کے اندر اس کاایک پروٹوٹائپ ماڈل تیار کیا گیا ہے جس میں چیٹ جی پی ٹی کے تصاویر تیار کرنے والے سسٹم پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جو ایک سوشل فیڈ سے لیس ہے۔
رپورٹ کے مطابق ابھی یہ معلوم نہیں کہ اوپن اے آئی کی جانب سے اس سوشل نیٹ ورک کو کسی خودمختار ایپ کی شکل میں جاری کیا جائے گا یا اسے چیٹ جی پی ٹی ایپ کا حصہ بنایا جائے گا۔
اس نئے سوشل میڈیا نیٹ ورک کے ساتھ اوپن اے آئی کی جانب سے ایلون مسک کے ایکس اور میٹا کے سوشل پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹا گرام کا مقابلہ کیا جائے گا۔
اس نئی ایپ سے اوپن اے آئی کو اپنے ماڈلز کو تربیت دینے کے لیے رئیل ٹائم ڈیٹا تک رسائی بھی ملے گی ۔
رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین کی جانب سے کمپنی سے تعلق نہ رکھنے والے افراد سے بھی سوشل نیٹ ورک کے بارے میں فیڈ بیک حاصل کیا جا رہا ہے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ منصوبہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے تو یہ کہنا ممکن نہیں کہ اس سوشل نیٹ ورک کو عام افراد کے لیے متعارف کرایا جائے گا یا نہیں۔
مگر پروٹوٹائپ ماڈل سے عندیہ ملتا ہے کہ اوپن اے آئی کی جانب سے اسے عام افراد کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔