لاہور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے صوبے میں کرپشن پر کنٹرول کر لیا ہے، کے پی سب سے امیر صوبہ ہے۔
لاہور ہائیکورٹ بار میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا مدینہ کی ریاست انصاف پر قائم تھی، دنیا کی تاریخ میں آج تک مدینہ جیسی ریاست تاریخ میں بھی نہیں ملتی، عدل و انصاف اورقانون کی حکمرانی ہو تو وہ بہترین ریاست ہو گی۔
ان کا کہنا تھا آج ہمارے ملک میں کیا ہو رہا ہے، ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں، پاکستان سیاسی تحریک کے ذریعے وجود میں آیا، افسوس ہے کہ ملک میں سیاست کی بجائے ڈنڈے کے زور پر لوگوں کوبٹھایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 2024 کے انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی، اپنے لوگوں کو لانے اور عوام پر مسلط کرنے کے لیے تجربے کیے گئے، جس دن سے پاکستان میں زورزبردستی سے لوگوں کو اقتداردیا گیا اس دن سے پاکستان کی تنزلی ہوئی، ملک کے آئین کو توڑا گیا، مارشل لا لگایا گیا اور لوگوں کوزبردستی مسلط کیا گیا، ذوالفقارعلی بھٹو کو پھانسی دے کر شہید کیا گیا، قوم پوچھتی ہے کہ بھٹو کو پھانسی دینے والوں کو کیا سزا دی گئی ہے؟
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا پاکستان آج قرضوں میں ڈوب چکا ہے، اسلام کے نام پر بننے والا ملک نہ خودار رہا نہ خود مختار، ہم غلام ہو چکے ہیں ہماری ریاستیں غلام ہو چکی ہیں، ہمارے لیڈرز غلام ہیں، ہم غلام ہیں اس لیے کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کا نام نہیں لے سکتے، کہتے ہیں ہم پاکستان کے لیے لگے ہوئے ہیں تو آئین کے مطابق پاکستان میں جمہوریت اور جمہوریت میں الیکشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2024 کے الیکشن میں دھاندلی ثبوت ہے کہ آپ کوپاکستان میں الیکٹڈ نہیں سیلکٹڈ لوگ چاہیے، اصل میں آپ کو حکومت چلانی اور گرانی ہوتی ہے، حکومت آپ چلاؤ اور گراؤ تو پھر اسمبلیاں اور آئین کیوں بنایا گیا؟ آپ جج بھی ہیں، وکیل اور مدعی بھی ہیں، ایسے ملک نہیں چلتے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کو اس لیے جیل میں ڈالا گیا ہے کہ ان سے اس نظام کو خطرہ ہے، بانی پی ٹی آئی سے نظام کوکیا خطرہ ہے یہی کہ وہ قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، انسانی حقوق، ملکی خود داری اور خودمختاری کی بات کرتے ہیں، ملک کو ڈنڈے کے زور پر نہیں چلایا جا سکتا، فیصلہ سازوں کو لیڈرز نہیں غلام چاہئیں، غلام ہمارے فیصلے کریں گے تو ہم بھی غلام ہی رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے وہ ملک کی خاطرمذاکرات کے لیے تیار ہیں، بانی پی ٹی آئی کا مقصد اقتدار کا حصول نہیں، ہم پرتشدد کیا گیا، ہمارا لیڈر اس کی بیوی اور ہمارے کارکن جیلوں میں ہیں، ہمارے 14 لوگوں کوشہید کیا گیا، ہماری جنگ جاری ہے جاری رہے گی جتنی آواز دبائیں گے اتنی ہی ابھرے گی۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا ہمارے پاس بہت پیسہ ہے ہم نے کرپشن پر کنٹرول کر لیا ہے، ہم نے بہت پیسا جمع کر لیا ہے، خیبر پختونخوا امیر ترین صوبہ ہے۔