مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر حملے میں ہلاکتیں، پاکستان کا اظہار افسوس

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر ہونے والے حملے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سیاحتی مقام پہلگا میں دو غیر ملکیوں سمیت 26 سیاحوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا جبکہ 12 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیاحوں میں سے ہلاک اور زخمی ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق بھارتی ریاست گجرات اور کرناٹکا سے ہے۔

مقبوضہ وادی کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی جانب سے بھی فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی گئی تاہم بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واقعے کے فوری بعد بغیر کسی ثبوت کے الزام پاکستان پر تھوپ دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں حملے میں سیاحوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اننت ناگ میں ہونے والے حملے میں سیاحوں کی ہلاکت پر تشویش ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں اور حملے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں